مقامی ۲۱ جون ۲۰۲۶

ڈیرہ بگٹی، سوئی میں فائرنگ سے عالم خان بگٹی جاں بحق، وزیراعلیٰ بلوچستان کے قریبی ساتھی کے والد تھے

کوئٹہ (ویب نیوز) ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی میں اے سی گراؤنڈ کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ اچانک فائرنگ کے نتیجے میں پیش آیا جس میں شدید زخمی شخص کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت عالم خان بگٹی کے نام سے ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق وہ وزیراعلیٰ بلوچستان کے قریبی ساتھی رستم کلپر بگٹی کے والد تھے۔ واقعے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں، تاہم تاحال مقدمہ درج یا کسی گرفتاری کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔