مقامی ۲۱ جون ۲۰۲۶

ایپکا کی بلوچستان گرینڈ الائنس کے مطالبات کی حمایت، گرفتاریوں کی مذمت. حکومت ملازمین کے مطالبات فوری تسلیم کرے، مذاکرات کا راستہ اختیار کیا جائے: حاجی اورنگزیب کشمیری

کوئٹہ (ویب نیوز) کوئٹہ میں آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا) پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور انٹرنیشنل ہیومن رائٹس فیڈریشن آف پاکستان کے چیئرمین اجی اورنگزیب کشمیری نے بلوچستان حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بلوچستان گرینڈ الائنس کے جائز اور دیرینہ مطالبات فوری طور پر تسلیم کیے جائیں تاکہ سرکاری ملازمین میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ہو سکے۔ اپنے بیان میں انہوں نے بلوچستان گرینڈ الائنس کے رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ طاقت اور دباؤ کے ذریعے مسائل حل نہیں کیے جا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین اپنے حقوق کے لیے پرامن اور آئینی جدوجہد کر رہے ہیں، اس لیے حکومت کو چاہیے کہ تصادم کی پالیسی ترک کر کے مذاکرات کا راستہ اختیار کرے۔ حاجی اورنگزیب کشمیری نے بلوچستان گرینڈ الائنس کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کے ملازمین ان کے ساتھ کھڑے ہیں، جبکہ ایپکا پاکستان کے مرکزی صدر نے بلوچستان میں مبینہ گرفتاریوں کے خلاف قلم چھوڑ ہڑتال کا اعلان بھی کیا ہے۔