کوئٹہ (ویب نیوز)ہرنائی میں شہدائے وطن تحریک کی اپیل پر 21 مئی کو مانگی اور 26 مئی کو شاہرگ میں پیش آنے والے واقعات کے خلاف مکمل پہہ جام ہڑتال کی گئی، جس کے باعث ہرنائی–کوئٹہ اور ہرنائی–پنجاب قومی شاہراہیں سمیت تمام رابطہ سڑکوں پر ٹریفک کی آمد و رفت مکمل طور پر بند رہی۔ تفصیلات کے مطابق مانگی میں نامعلوم افراد کی جانب سے ٹرکوں کو جلانے، ماسٹر شین گل ترین کے اغوا اور بعد ازاں قتل جبکہ شاہرگ شیخ موسیٰ بابا چونگی کے مقام پر فائرنگ سے پانچ افراد کے قتل اور چار کے زخمی ہونے کے واقعات پر احتجاج کیا جا رہا ہے۔ ہڑتال کے باعث مسافروں خصوصاً خواتین، بچوں، مریضوں اور بزرگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شہدائے وطن تحریک نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعات میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کیا جائے، شہداء کو سرکاری طور پر شہید قرار دیا جائے اور جلائے گئے ٹرکوں کے مالکان کو معاوضہ دیا جائے، جبکہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
