کوئٹہ (ویب نیوز)کوئٹہ میں بولان میڈیکل کمپلیکس (بی ایم سی) اسپتال میں مبینہ طور پر ڈاکٹرز اور طبی عملے کی عدم موجودگی اور لاپرواہی کے باعث ایک نوجوان کے جاں بحق ہونے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ لواحقین کے مطابق نوجوان کو تشویشناک حالت میں اسپتال لایا گیا تھا، تاہم عملہ موجود نہ ہونے کے باعث اسے بروقت طبی امداد فراہم نہیں کی جا سکی جس کے نتیجے میں وہ جانبر نہ ہو سکا۔ واقعے کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے جس میں مبینہ طور پر عملے کی عدم موجودگی دکھائی گئی ہے، جس پر شہریوں نے شدید ردعمل دیتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ لواحقین اور عوامی حلقوں نے حکومت بلوچستان اور محکمہ صحت سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دی جائے اور غفلت ثابت ہونے پر ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔
