تازہ ترین ۲۱ جون ۲۰۲۶

امریکہ، ایران مذاکرات تعطل کا شکار، تاہم بات چیت ختم نہیں ہوئی

کوئٹہ (ویب نیوز) امریکی میڈیا نے ایرانی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات تعطل کا شکار ضرور ہوئے ہیں، تاہم مکمل طور پر ختم نہیں ہوئے۔ رپورٹس کے مطابق دونوں ممالک کے سفارتی وفود کی واپسی اور مذاکراتی عمل کو دوبارہ فعال بنانے کے لیے بیک چینل رابطے جاری ہیں۔ ایرانی سرکاری میڈیا نے ایرانی وفد کے رکن مہدی قربان زادہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایرانی تیل پر عائد پابندیوں میں نرمی سے متعلق تجویز کا حتمی مسودہ تیار کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لبنان کے مسئلے کے حل تک بعض دیگر معاملات پر مزید پیش رفت ممکن نہیں ہوگی، تاہم منجمد ایرانی اثاثوں کی بحالی اور ایران کے توانائی کے شعبے پر عائد پابندیوں میں نرمی جیسے اہم نکات پر بات چیت جاری رہی۔ ذرائع کے مطابق اگرچہ مذاکراتی عمل سست روی کا شکار ہے، لیکن سفارتی کوششیں بدستور جاری ہیں اور مستقبل میں بات چیت کی بحالی کے امکانات موجود ہیں۔