کوئٹہ (ویب نیوز) جمعیت علمائے اسلام (نظریاتی) پاکستان کی مرکزی قیادت نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے جارحانہ اور اشتعال انگیز بیانات عالمی امن و استحکام کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں الزام عائد کیا کہ امریکی پالیسیوں کے باعث عالمِ اسلام کو سیاسی، معاشی اور دفاعی مشکلات کا سامنا ہے جبکہ افغانستان اور ایران کو بھی منجمد اثاثوں کی بحالی میں رکاوٹوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے مسلم ممالک کے درمیان اتحاد و یکجہتی پر زور دیتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ممکنہ عالمی تصادم کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
