تازہ ترین ۲۰ جون ۲۰۲۶

نیتن یاہو نے جنوبی لبنان پر اسرائیلی حملے روکنے کا حکم دے دیا

تل ابیب (مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے جنوبی لبنان پر اسرائیلی حملے روکنے کا حکم دے دیا ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق یہ فیصلہ وزیراعظم نیتن یاہو اور اسرائیلی وزیر دفاع نے امریکا کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا۔ دوسری جانب اسرائیلی وزارت خارجہ نے حزب اللہ پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تنظیم مسلسل جنگ بندی کی خلاف ورزی کر رہی ہے، جس کے ردعمل میں اسرائیلی جنگی طیاروں نے جنوبی لبنان میں کارروائیاں کیں۔ ادھر حزب اللّٰہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ جنگ بندی پر عمل درآمد کے لیے پُرعزم ہے، تاہم لبنان پر قبضے کی کسی بھی اسرائیلی کوشش کی بھرپور مزاحمت جاری رکھی جائے گی۔ تنظیم کے مطابق اس کے جنگجوؤں نے جنوبی لبنان کے علاقے نباتیہ کی جانب پیش قدمی کرنے والے اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنایا، جبکہ جمعے سے نافذ نئی جنگ بندی پر عمل جاری ہے۔ حزب اللّٰہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے حملوں کی شدت میں اضافہ کیا ہے اور تنظیم کسی بھی ممکنہ جارحیت کا جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔