تازہ ترین ۲۰ جون ۲۰۲۶

آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل جنگ سے پہلے کی سطح پر بحال، جے ڈی وینس

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل دوبارہ جنگ سے پہلے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ فوکس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران آبنائے ہرمز سے 1 کروڑ 60 لاکھ بیرل تیل کی ترسیل ہوئی، جو جنگ شروع ہونے سے قبل یومیہ سپلائی کے برابر ہے۔ امریکی فوج کے مطابق 20 جون کو آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی آمدورفت میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا اور ہفتے کے روز 55 تجارتی جہاز اس اہم بحری راستے سے گزرے، جبکہ 1 کروڑ 70 لاکھ بیرل سے زائد تیل عالمی منڈیوں تک پہنچایا گیا۔ امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے کہا ہے کہ ایران آبنائے ہرمز کو کنٹرول نہیں کرتا اور وہاں بحری نقل و حرکت معمول کے مطابق جاری ہے، جبکہ امریکی افواج تجارتی جہازوں کی آزادانہ آمدورفت یقینی بنانے کے لیے مسلسل نگرانی اور کارروائیاں کر رہی ہیں۔ امریکی حکام کے مطابق ایران کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کی تمام شقوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے خطے میں امریکی فوجی موجودگی برقرار رکھی گئی ہے۔