اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور کل سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورخ میں منعقد ہوگا، جبکہ ذرائع کے مطابق وزیراعظم پاکستان شہباز شریف بھی مذاکراتی عمل کے موقع پر آج رات زیورخ روانہ ہو سکتے ہیں۔ ایرانی وفد کی قیادت اسپیکر باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی کریں گے، جبکہ امریکی وفد کی سربراہی نائب صدر جے ڈی وینس کریں گے۔ وفد میں اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی شامل ہوں گے اور امریکی وفد کے دو ارکان پہلے ہی زیورخ پہنچ چکے ہیں۔ دفتر خارجہ پاکستان کے ترجمان کے مطابق مذاکرات کے تکنیکی مرحلے میں مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد کے طریقہ کار اور دیگر امور زیر بحث آئیں گے، جبکہ قطر کے نمائندے بھی اس عمل میں شریک ہوں گے۔ دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایرانی وفد مذاکرات کے دوران امریکا سے لبنان پر اسرائیلی حملے رکوانے کا مطالبہ بھی کرے گا۔ سفارتی حلقوں کے مطابق یہ مذاکرات خطے میں کشیدگی کم کرنے اور اہم علاقائی معاملات پر پیش رفت کے لیے غیر معمولی اہمیت کے حامل سمجھے جا رہے ہیں۔
