تازہ ترین ۱۹ جون ۲۰۲۶

اگر میں نہ ہوتا تو اسرائیل کا صفایا ہو چکا ہوتا، ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن (ویب نیوز): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر وہ نہ ہوتے تو اسرائیل کا صفایا ہو چکا ہوتا۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے ساتھ ان کے تعلقات اچھے ہیں، تاہم بعض اوقات انہیں قابو میں رکھنا پڑتا ہے۔ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ وہ اسرائیل کو لبنان پر حملوں سے روک سکتے ہیں اور اسرائیل ان کی بات مانتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا نے ایران کے ساتھ معاہدہ کسی کمزوری یا مایوسی کے تحت نہیں کیا بلکہ ایران نے حالات کے باعث ایسا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ کے نتیجے میں ایران کمزور ہو چکا ہے اور امریکا اپنی حکمت عملی پر قائم رہے گا۔ دوسری جانب سوئٹزرلینڈ میں امریکا اور ایران کے درمیان طے شدہ مذاکرات منسوخ ہو گئے ہیں، جبکہ امریکی انتظامیہ خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکنے اور سفارتی عمل جاری رکھنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ادھر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو ایک طرف سخت گیر حلقوں کے دباؤ اور دوسری جانب جنگ کے پھیلاؤ کو روکنے کی بین الاقوامی کوششوں کا سامنا ہے۔