کوئٹہ (ویب نیوز) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے مالی سال 2026-27 کے بلوچستان بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ بجٹ میں مالی بے ضابطگیاں اور اعداد و شمار میں تضادات موجود ہیں۔ پارٹی کے مطابق بجٹ سرپلس ہونے کے باوجود ترقیاتی منصوبوں، تعلیم، صحت اور پانی جیسے بنیادی شعبوں کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ بجٹ کے حجم، سرپلس فنڈز اور آمدنی کے استعمال سے متعلق واضح تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں جبکہ جاری ترقیاتی منصوبوں کو مناسب فنڈز نہ ملنے سے عوامی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔ پارٹی نے امن و امان کے بڑھتے ہوئے بجٹ کے باوجود بدامنی میں اضافے پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بجٹ کو غیر عوامی قرار دیا اور کہا کہ اسے عدالت میں چیلنج کرنے کا حق محفوظ ہے۔
