مقامی ۱۹ جون ۲۰۲۶

جامعات کی گرانٹ میں اضافہ نہ کرنا تعلیم دشمن اقدام ہے، اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن

کوٹہ (ویب نیوز) اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن جامعہ بلوچستان کے ترجمان نے صوبائی بجٹ میں صوبے کی 12 سرکاری جامعات کے لیے گرانٹ میں اضافہ نہ کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے مایوس کن اور تعلیم دشمن عمل قرار دیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جامعات کو پہلے ہی شدید مالی بحران کا سامنا ہے جبکہ مجموعی طور پر صرف 8 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جو ناکافی ہیں۔ ترجمان کے مطابق جامعہ بلوچستان سمیت کئی اداروں میں ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات، پنشن اور دیگر ادائیگیاں التوا کا شکار ہیں جبکہ جی پی فنڈ اکاؤنٹس بھی خالی ہیں۔ ایسوسی ایشن نے حکومت سے تعلیمی اداروں کے لیے فوری طور پر بجٹ میں اضافہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔