کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے موقع پر تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کے مطالبات کے لیے احتجاج کرنے والے بلوچستان گرینڈ الائنس کے سرکاری ملازمین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا۔ تفصیلات کے مطابق ملازمین نے اسمبلی کے گھیراؤ اور دھرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت بڑی تعداد میں مظاہرین چمن پھاٹک اور بے نظیر فلائی اوور کے قریب جمع ہوئے۔ پولیس نے دفعہ 144 کے نفاذ کے تحت مظاہرین کو آگے بڑھنے سے روکنے کے لیے کارروائی کی اور متعدد افراد کو حراست میں لے لیا، جن میں گرینڈ الائنس کے کنوینئر پروفیسر عبدالقدوس کاکڑ بھی شامل ہیں۔ گرینڈ الائنس رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ان کا احتجاج پرامن اور جائز مطالبات کے حق میں تھا، جبکہ پولیس کے مطابق ریڈ زون اور حساس مقامات کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے۔
