کوئٹہ (ویب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایات پر معاون برائے داخلہ بابر یوسف زئی نے اسسٹنٹ کمشنر سٹی امیر حمزہ کے ہمراہ کوئٹہ کی مختلف امام بارگاہوں کا دورہ کرتے ہوئے محرم الحرام کے سیکیورٹی انتظامات اور امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران علمدار روڈ، نچاری روڈ، سعید آباد اور سولہ ایکڑ کی امام بارگاہوں میں علما کرام اور شیعہ عمائدین نے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا، جبکہ بابر یوسف زئی نے کہا کہ حکومت محرم الحرام کے دوران امن، مذہبی ہم آہنگی اور شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
