تازہ ترین ۱۶ جون ۲۰۲۶

سنئیر صحافی اسلم خان اچکزئی مظلوم عوامی تحریک کے صوبائی صدر منتخب ہوگئے۔

کوئٹہ( سید سردار محمد خوندئی )

کوئٹہ میں مظلوم عوامی تحریک کے مرکزی، صوبائی اور ضلعی عہدیداران کا ایک اہم مشترکہ اجلاس مرکزی صدر عباس خان درانی کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں پارٹی کے مرکزی، صوبائی اور ضلعی ذمہ داران نے بھرپور شرکت کی۔

اجلاس میں مشاورت کے بعد صوبائی صدر کے عہدے کے لیے اسلم خان اچگزئی کا نام پیش کیا گیا، جسے تمام شرکاء نے اتفاقِ رائے سے منظور کرتے ہوئے انہیں مظلوم عوامی تحریک بلوچستان کا صوبائی صدر منتخب کر لیا۔

اس موقع پر مرکزی صدر عباس خان درانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلم خان اچگزئی نے پارٹی کے لیے ہمیشہ مخلصانہ، انتھک اور گرانقدر خدمات انجام دی ہیں۔ وہ ماضی میں صوبائی جنرل سیکرٹری کی حیثیت سے بھی کامیابی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسلم خان اچگزئی اپنی صلاحیتوں، تجربے اور قائدانہ کردار کے ذریعے پارٹی کو مزید مضبوط اور فعال بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

اجلاس کے شرکاء نے نومنتخب صوبائی صدر اسلم خان اچگزئی کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

نومنتخب صوبائی صدر اسلم خان اچگزئی نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں پارٹی قیادت اور تمام ساتھیوں کا تہہ دل سے مشکور ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کرتے ہوئے یہ اہم ذمہ داری سونپی۔ یہ میرے لیے اعزاز اور ذمہ داری دونوں ہے۔ ان شاء اللہ پارٹی چیئرمین، مرکزی قیادت اور کارکنوں کی توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کروں گا اور اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے پارٹی کو مزید منظم، متحرک اور عوامی قوت بنانے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑوں گا۔