اسلام آباد (صداقت انٹرنیشنل) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ “معرکہ حق” میں پاک فوج نے قوم کی امنگوں پر پورا اترتے ہوئے مغرور دشمن کو مکمل شکست دی اور دنیا پر واضح کردیا کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔ معرکہ حق کے ایک سال مکمل ہونے پر اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت اگر آئندہ کسی بھی مہم جوئی کی تیاری کررہا ہے تو کرلے، پاکستان اس وقت بھی مکمل تیار تھا اور آج بھی ہر قسم کے خطرے کا جواب دینے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر دہشتگردی کے الزامات کا بیانیہ ہمیشہ کیلئے دفن ہوچکا ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ بھارت خود خطے کا سب سے بڑا دہشتگرد ملک بن چکا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت نے مساجد، خواتین اور عام شہریوں کو نشانہ بنایا جبکہ پاکستان نے انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور چند گھنٹوں میں دشمن کی جارحیت کا مؤثر جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر ایک عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازع مسئلہ ہے اور بھارت اپنے داخلی مسائل کو بیرونی رنگ دے کر دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگ کسی صورت قابل قبول نہیں اور ایسی جنگ پاگل پن کے مترادف ہوگی، تاہم پاکستان کے عزم، تیاری اور دفاعی صلاحیت پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے کیونکہ “معرکہ حق” میں بھارت نے پاکستان کی طاقت کا صرف دس سے پندرہ فیصد حصہ دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ “آپریشن غضب للحق” جاری ہے اور افغانستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب کی سلامتی پاکستان کیلئے انتہائی اہم ہے اور حرمین شریفین کا تحفظ امت مسلمہ کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاک فوج پاکستانی سیاست میں اسٹیک ہولڈر نہیں اور سیاسی مسائل کا حل سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات سے ہی ممکن ہے۔
