تازہ ترین ۱۴ جون ۲۰۲۶

ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ: ایران کے ساتھ معاہدہ مکمل، بحری ناکہ بندی ختم

واشنگٹن/اسلام آباد (فارن ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ ایران کے ساتھ طویل مذاکرات کے بعد معاہدہ مکمل ہو گیا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ “سب کو مبارکباد، ایران کے ساتھ معاہدہ مکمل ہو گیا ہے”۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ایرانی بندرگاہوں پر عائد امریکی بحری ناکہ بندی ختم کر دی گئی ہے اور آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی سرگرمیاں بحال ہو رہی ہیں۔ ٹرمپ کے مطابق دنیا بھر کے تجارتی جہاز دوبارہ معمول کے مطابق سفر کر سکیں گے جبکہ تیل اور گیس کی عالمی ترسیل بھی بحال ہو جائے گی۔رپورٹس کے مطابق مجوزہ معاہدے میں ایران کی جانب سے جوہری ہتھیار حاصل نہ کرنے کے عزم، آبنائے ہرمز کو تجارتی جہازوں کے لیے کھولنے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے جیسے نکات شامل ہیں۔ دوسری جانب امریکا کی جانب سے بعض اقتصادی پابندیوں میں نرمی، ایرانی تیل کی فروخت میں سہولت اور منجمد ایرانی اثاثوں کے اجرا پر بھی بات چیت ہوئی ہے.پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے بھی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدے پر دستخط کے لیے سوئٹزرلینڈ میں تقریب متوقع ہے۔ اطلاعات کے مطابق پاکستان اور قطر نے مذاکراتی عمل میں اہم سفارتی کردار ادا کیا۔تاہم ایرانی حکام نے محتاط مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعض معاملات پر ابھی مزید مشاورت جاری ہے اور حتمی فیصلے کے حوالے سے سرکاری سطح پر مکمل وضاحت آنا باقی ہے۔ بعض بین الاقوامی ذرائع کے مطابق معاہدے کی بعض شقوں پر دونوں ممالک کے درمیان اب بھی اختلافات موجود ہیں۔ماہرین کے مطابق اگر معاہدہ مکمل طور پر نافذ ہو جاتا ہے تو عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں استحکام، مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں کمی اور بین الاقوامی تجارت کی بحالی کے امکانات روشن ہو سکتے ہیں۔