اسلام آباد (صداقت انٹرنیشنل) وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کو یہ ثابت کرنے میں کامیاب رہا کہ ہم دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں جبکہ بھارت خطے میں دہشتگردی کو فروغ دے رہا ہے۔ “معرکہ حق” کی پہلی سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کو انتہائی مضحکہ خیز انداز میں پیش کرکے اس کی بنیاد پر ایک مخصوص بیانیہ بنانے کی کوشش کی، حالانکہ کسی بھی بیانیے کیلئے سچ سب سے اہم عنصر ہوتا ہے۔ عطاء تارڑ نے کہا کہ پاکستانی قوم، حکومت اور افواج پاکستان کے درمیان مکمل ہم آہنگی موجود تھی اور پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہی۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کو واضح پیغام دیا گیا کہ پاکستانی قوم متحد ہے اور جب قوم متحد ہو تو اسے شکست دینا ممکن نہیں رہتا۔
