تازہ ترین ۱۴ جون ۲۰۲۶

پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے وفاقی بجٹ 2026-27 مسترد کر دیا، عوام دشمن اور آئی ایم ایف کا بجٹ قرار

کوئٹہ (ویب نیوز): پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے وفاقی بجٹ 2026-27 کو مکمل طور پر عوام دشمن، غیر منصفانہ، مرکزیت پسند اور آئی ایم ایف کی شرائط کے تابع قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ بجٹ میں عوامی فلاح، تعلیم، صحت، روزگار اور پسماندہ علاقوں کی ترقی کو نظر انداز کرکے قرضوں، سودی معیشت اور اشرافیہ کے مفادات کو ترجیح دی گئی ہے۔ بیان کے مطابق 18 ہزار ارب روپے سے زائد کے بجٹ میں تقریباً 8 ہزار ارب روپے قرضوں اور سود کی ادائیگی کیلئے مختص کیے گئے ہیں جبکہ عوامی ضروریات سے وابستہ اشیا پر نئے ٹیکس عائد کرکے مہنگائی میں مزید اضافہ کیا گیا ہے۔ پارٹی نے کوئٹہ۔ژوب۔ڈی آئی خان شاہراہ اور پشتون علاقوں میں ڈیموں کی تعمیر جیسے اہم منصوبوں کو بجٹ میں شامل نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ دفاعی اخراجات میں نمایاں اضافے کے باوجود تعلیم، صحت، زراعت اور روزگار کیلئے ناکافی وسائل مختص کیے گئے ہیں۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ قومی وسائل کو غیر پیداواری اخراجات کے بجائے عوامی فلاح، ترقی، صنعت، زراعت اور پسماندہ علاقوں کی بہتری کیلئے استعمال کیا جائے اور ٹیکس نظام کو منصفانہ بنایا جائے۔