واشنگٹن/تہران (ویب نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے مجوزہ معاہدے سے متعلق بیان کو کمزور اور قابلِ رحم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تہران کی جانب سے پیش کیے گئے دعووں اور شرائط کا حقیقی معاہدے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی جانب سے پھیلائی جانے والی اطلاعات اور لیک ہونے والی تفصیلات حقیقت پر مبنی نہیں ہیں اور ان کا طے شدہ شرائط سے کوئی واسطہ نہیں۔ ٹرمپ کے مطابق ایران نے معاہدے کے حوالے سے جو موقف اختیار کیا ہے وہ نہ صرف کمزور ہے بلکہ حقیقت کے برعکس بھی ہے۔امریکی صدر نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ایران جیسے فریق کے ساتھ معاملہ کرنا انتہائی مشکل اور غیر سنجیدہ عمل ہے اور ایسے ماحول میں کسی مثبت پیش رفت کی امید کم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران سے خیرسگالی کی بنیاد پر کسی بھی ڈیل کا امکان موجود نہیں کیونکہ تہران کی پالیسی میں شفافیت اور نیک نیتی کی کمی ہے۔ ٹرمپ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ حالیہ صورتحال میں آبنائے ہرمز کے قریب پیش آنے والے واقعات اور کشیدگی قابلِ تشویش ہیں، جن پر عالمی سطح پر سنجیدہ غور ضروری ہے۔
