اسلام آباد (ویب نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے مالی سال 2026-27 کے وفاقی بجٹ میں قومی ترقیاتی پروگرام کے لیے مجموعی طور پر 3 ہزار 675 ارب روپے مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔ قومی اسمبلی میں بجٹ تقریر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس رقم میں وفاقی ترقیاتی پروگرام کے لیے ایک ہزار ارب روپے جبکہ صوبائی ترقیاتی پروگراموں کے لیے 2 ہزار 224 ارب روپے شامل ہیں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ریاستی ملکیتی اداروں کی جانب سے سرمایہ کاری کے لیے 451 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے اپنی تقریر میں کہا کہ شاہراہوں، ریلوے نظام اور بندرگاہوں کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ محمد اورنگزیب کے مطابق وفاقی ترقیاتی پروگرام کے تحت نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور توسیع کے لیے 365 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں تاکہ ملک میں اقتصادی سرگرمیوں، تجارت اور علاقائی روابط کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
