پاکستان ۱۲ جون ۲۰۲۶

وفاقی بجٹ 2026-27 پیش، دفاع، ترقی اور محصولات پر خصوصی توجہ

اسلام آباد (ویب نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے مالی سال 2026-27 کا 18 ہزار 771 ارب روپے حجم کا وفاقی بجٹ قومی اسمبلی میں پیش کر دیا۔ بجٹ میں اقتصادی استحکام، محصولات میں اضافے، ترقیاتی منصوبوں اور سرمایہ کاری کے فروغ کو ترجیح دی گئی ہے۔ حکومت نے آئندہ مالی سال کے لیے 4 فیصد اقتصادی شرح نمو اور 8.2 فیصد مہنگائی کا ہدف مقرر کیا ہے جبکہ وفاقی ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے لیے ایک ہزار ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ بجٹ میں دفاعی اخراجات کے لیے تقریباً 3 ہزار ارب روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ ٹیکس وصولیوں کا ہدف 15 ہزار 267 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت مالیاتی نظم و ضبط برقرار رکھتے ہوئے معیشت کی بحالی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔