مقامی ۷ مئی ۲۰۲۶

معرکہ حق میں پاک افواج کی کامیابیاں پوری قوم کیلئے باعث فخر ہیں، بخت محمد کاکڑ

کوئٹہ (صداقت انٹرنیشنل) صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنا کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔ “معرکہ حق” کے حوالے سے جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ملکی دفاع، خودمختاری اور قومی سلامتی کیلئے پاک افواج کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں اور پوری قوم اپنے محافظوں کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ معرکے میں پاکستان نے جس حکمت عملی، جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا اس سے دنیا بھر میں ملک کا وقار بلند ہوا۔ بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ دشمن کو واضح پیغام مل چکا ہے کہ پاکستانی قوم اور افواج اپنی سرزمین کے دفاع کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں جنگ صرف سرحدوں پر نہیں بلکہ اطلاعات، میڈیا اور بیانیے کے میدان میں بھی لڑی جارہی ہے، جبکہ پاکستانی نوجوانوں نے سوشل میڈیا سمیت ہر پلیٹ فارم پر قومی بیانیے کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ بلوچستان کے عوام ہمیشہ وطن کے دفاع اور استحکام کیلئے صف اول میں رہے ہیں اور صوبے کے نوجوانوں میں حب الوطنی کا جذبہ قابل فخر ہے۔ انہوں نے پاک فوج، سیکیورٹی اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیوں کی بدولت ملک میں امن اور استحکام قائم ہے۔