مقامی ۷ مئی ۲۰۲۶

پاکستان کی مسلح افواج نے اپنی جرات، حکمت عملی اور قربانیوں سے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا، فرح عظیم شاہ

کوئٹہ (صداقت انٹرنیشنل) رکن بلوچستان اسمبلی فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ ملک بھر میں “معرکہ حق” کا جشن منایا جا رہا ہے اور پاکستان کی مسلح افواج نے اپنی جرات، بہترین حکمت عملی اور عظیم قربانیوں کے ذریعے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بہادری اور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا جبکہ پاک افواج کی کامیاب کارروائیاں ملکی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج پر فخر کرتی ہے اور وہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی “دلبرانہ قیادت” کو سلام پیش کرتی ہیں جنہوں نے مشکل حالات میں ملک کی قیادت کرتے ہوئے دشمن کے عزائم ناکام بنائے۔ فرح عظیم شاہ نے ڈی جی آئی ایس پی آر کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں صرف میدان جنگ میں کامیابی کافی نہیں بلکہ بیانیے کی جنگ بھی انتہائی اہمیت اختیار کرچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا اور سوشل میڈیا آج کی دنیا میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں جہاں قومی بیانیے اور حقائق کو مؤثر انداز میں دنیا کے سامنے پیش کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ “جشن معرکہ حق” کے سلسلے میں محکمہ ثقافت بلوچستان اور “ایمان پاکستان” کے اشتراک سے تقریری اور گلوکاری کے مقابلوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جن کا آغاز 19 مئی سے ہوگا جبکہ اختتامی تقریب 24 مئی کو منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان مقابلوں میں نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کا بہترین موقع فراہم کیا جائے گا، تقریری مقابلوں میں قومی یکجہتی، حب الوطنی اور پاکستان کے مثبت تشخص جیسے موضوعات شامل ہوں گے جبکہ گلوکاری کے مقابلوں میں ملی نغمے اور ثقافتی موسیقی پیش کی جائے گی۔ رکن اسمبلی نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ان سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنی صلاحیتوں کے ذریعے بلوچستان اور پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے اجاگر کریں۔