کویٹہ (ویب نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ ایران کے ساتھ امن معاہدے پر رواں ہفتے دستخط متوقع ہیں اور اس سلسلے میں دستاویزات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ معاہدے پر دستخط کی تقریب یورپ میں منعقد ہونے کا امکان ہے جس میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس بھی شرکت کریں گے۔ صدر ٹرمپ کے مطابق ایران کے ساتھ مذاکرات کو اعلیٰ ترین سطح تک پہنچایا گیا ہے اور حتمی نکات تمام فریقوں کی جانب سے منظور کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس عمل میں مثبت اور مؤثر کردار ادا کر رہا ہے جبکہ وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز کی بحری ناکہ بندی معاہدے کو حتمی شکل دیے جانے تک جاری رہے گی۔ صدر ٹرمپ نے مزید بتایا کہ امریکا، ایران، اسرائیل، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، پاکستان، قطر، ترکیہ اور دیگر متعلقہ فریقین اس معاہدے کے عمل میں شامل ہیں۔ دوسری جانب قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی اور صدر ٹرمپ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ بھی ہوا جس میں ایران سے متعلق جاری مشاورت اور پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
