مقامی ۷ مئی ۲۰۲۶

بلوچستان اسمبلی کا دسواں اجلاس آج طلب، اہم قراردادیں ایجنڈے میں شامل

کوئٹہ (یو این اے) بلوچستان صوبائی اسمبلی کا دسواں اجلاس آج جمعہ 8 مئی 2026 کو سہ پہر 3 بجے اسمبلی سیکرٹریٹ میں طلب کر لیا گیا ہے جس کا تفصیلی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔ اجلاس میں حکومت بلوچستان کی جانب سے سیف سٹی اتھارٹی آرڈیننس 2026 میں مزید 90 روز کی توسیع کیلئے آئینی قرارداد پیش کی جائے گی تاکہ صوبے میں امن و امان کے قیام اور جدید مانیٹرنگ سسٹم کو برقرار رکھا جا سکے۔ ایجنڈے کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور پارلیمانی سیکرٹریز کی جانب سے ایک مشترکہ تہنیتی قرارداد پیش کی جائے گی جس میں پاک فوج اور فضائیہ کو معرکہ حق کے دوران دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے، 7 جنگی طیارے مار گرانے اور دفاعِ وطن کو ناقابلِ تسخیر بنانے پر زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ ایوان میں فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار بھی کیا جائے گا۔ اجلاس میں رحمت صالح بلوچ کی جانب سے خواتین کی صحت سے متعلق مصنوعات پر عائد 40 فیصد ٹیکس کے خاتمے اور مولانا ہدایت الرحمن کی جانب سے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ سے متعلق قراردادیں بھی پیش کی جائیں گی۔ اجلاس میں چیف منسٹر یوتھ ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار کی فراہمی میں تاخیر اور سیندک پروجیکٹ کے مقامی فنڈز کی تفصیلات بھی زیر بحث آئیں گی۔ پینل آف چیئرمین کی زیر صدارت اجلاس میں محکمہ خزانہ اور معدنیات سے متعلق سوالات کے جوابات بھی دیئے جائیں گے۔