اسلام آباد (یو این اے) وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت آپریشن بنیان مرصوص کو یاد رکھے کیونکہ تاریخ یہ ضرور بتائے گی کہ کون ثابت قدم رہا اور کون پیچھے ہٹ گیا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اگگر بھارت نے دوبارہ کوئی ایسی کوشش کی یا کوئی نیا ڈرامہ رچایا تو پاکستان اس کا پہلے سے زیادہ موثر اور سخت جواب دے گا۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے پاکستان کے خلاف جھوٹا بیانیہ بنانے کیلئے پہلگام جیسے بے بنیاد پراپیگنڈے کا سہارا لیا لیکن پاکستان کی جانب سے شواہد اور غیر جانبدار بین الاقوامی تحقیقات کے مطالبے پر بھارت پیچھے ہٹ گیا۔ طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بھارت کا نام نہاد آپریشن سندور پاکستان کے آپریشن بنیان مرصوص کے سامنے ناکام ہوا جبکہ پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے چھ بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ ہمیشہ یہ یاد رکھے گی کہ کس نے سچ اور حق پر مبنی مؤقف اختیار کیا اور کس نے جھوٹے پروپیگنڈے کا سہارا لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے مگر کسی بھی جارحیت کا جواب بھرپور اور فیصلہ کن انداز میں دیا جائے گا۔
