تازہ ترین ۱۰ جون ۲۰۲۶

نال بسیمہ میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کے خلاف بڑی کامیابی، سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 14 دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ(ویب نیوز) وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع نال، بسیمہ میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیم فتنہ الہندوستان کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے اسے ریاست کی ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت، منظم اور مثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا، جس کے نتیجے میں 14 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا ہے۔ وزیراعلی بلوچستان نے اپنے خصوصی بیان میں واضح کیا کہ بلوچستان میں امن و امان کے پائیدار قیام اور دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کے لیے ہماری سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں؛ فورسز نے ہر مشکل وقت میں ملک و صوبے کے دفاع کے لیے مثالی کردار ادا کیا ہے اور نال بسیمہ کی یہ کامیاب کارروائی بھی اسی عزم، شجاعت اور بہادری کا تسلسل ہے۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ یہ بڑی کارروائی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ سیکیورٹی ادارے ہر قسم کی دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں اور دشمن عناصر کو کسی بھی صورت بلوچستان کا امن سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ وزیراعلی نے کارروائی کے دوران وطن کے دفاع میں جامِ شہادت نوش کرنے والے لانس حوالدار محمد عباس کی عظیم قربانی کو پوری قوم کی طرف سے زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا ہمارا فخر ہیں جن کا خون کبھی رائیگاں نہیں جائے گا۔ انہوں نے شہید کے سوگوار اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیراعلی بلوچستان نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں، ان کے مقامی سہولت کاروں اور پشت پناہوں کے خلاف کارروائیاں پوری ریاستی قوت کے ساتھ جاری رہیں گی؛ ریاستی ادارے ملک دشمنوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔