تازہ ترین ۱۰ جون ۲۰۲۶

کوئٹہ،وحدت کالونی سانحہ؛ انڈر سیکرٹری آفتاب جبل اور ڈرائیور مسعود احمد سرکاری ملازمت سے معطل، نوٹیفکیشن جاری

کوئٹہ(ویب نیوز) حکومتِ بلوچستان کے محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ نے وحدت کالونی کے دلخراش اور لرزہ خیز سانحے کے مقدمے میں نامزد دو اہم ملزمان انڈر سیکرٹری آفتاب احمد جبل (بی ایس ایس گریڈ 18)اور ٹرانسپورٹ سیکشن کے ڈرائیور مسعود احمد ولد غلام مصطفی (بی پی ایس 05) کو سرکاری ملازمت سے فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔ محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کی جانب سے جاری کردہ الگ الگ باقاعدہ نوٹیفکیشنز کے مطابق، دونوں ملازمین کی خدمات “بلوچستان ایمپلائز ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن ایکٹ 2011” کے سیکشن (2)6 کے تحت حاصل اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے معطل کی گئی ہیں۔ یہ کارروائی بلوچستان پولیس حکام کی جانب سے دونوں ملزمان کو مبینہ مجرمانہ بدعنوانی، اختیارات کے ناجائز استعمال اور سنگین مقدمے میں باقاعدہ گرفتار کیے جانے کے بعد عمل میں لائی گئی ہے۔نوٹیفکیشنز کے متن کے مطابق، انڈر سیکرٹری آفتاب احمد جبل کو مبینہ مجرمانہ بدعنوانی اور سنگین مس کنڈکٹ کے الزامات کے تحت اگلے حکم نامے تک معطل کیا گیا ہے، جبکہ ڈرائیور مسعود احمد کے خلاف یہ معطلی 8 جون 2026 سے نافذ العمل تصور ہوگی اور معطلی کے دورانیے کے دوران وہ قانون کے مطابق اپنی معمول کی تنخواہ اور الانسز حاصل کرنے کے مجاز ہوں گے۔ واضح رہے کہ کوئٹہ کی وحدت کالونی میں محکمہ سمال انڈسٹریز کے ملازم آصف علی نے ان ملزمان کی جانب سے سرکاری مکان سے زبردستی بے دخلی اور شدید ہراساں کیے جانے کے خلاف ایک دردناک ویڈیو پیغام ریکارڈ کروایا تھا، جس کے بعد انہوں نے شدید مایوسی میں اپنی بیوی اور 4 معصوم بچوں کو قتل کر کے خودکشی کی کوشش کی تھی۔ اس لرزہ خیز واقعے کا وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا تھا، جس کے بعد پولیس نے انڈر سیکرٹری آفتاب جبل، ڈائریکٹر اقبال سرپرہ اور مسعود مینگل (احمد) کو حراست میں لیا تھا اور اب محکمے نے بھی ان کے خلاف سخت قانونی و تادیبی کارروائی کا دائرہ کار تیز کر دیا ہے۔