کھیل ۱۰ جون ۲۰۲۶

فیفا کو ورلڈ کپ 2026 میں کم شائقین کی آمد کا خدشہ، ہزاروں ٹکٹ تاحال فروخت نہ ہو سکے

کوئٹہ(ویب نیوز) برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق فیفا کو خدشہ ہے کہ ورلڈ کپ 2026 کے بعض میچوں میں اسٹیڈیم مکمل طور پر بھر نہیں سکیں گے، کیونکہ ٹکٹوں کی طلب توقعات سے کم رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق تقریباً ایک لاکھ اسی ہزار ٹکٹ دوبارہ فروخت کے لیے پیش کیے گئے ہیں جبکہ ری سیل پورٹل پر ٹکٹوں کی قیمتوں میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران 20 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ امریکا کے افتتاحی میچ کے 4 ہزار 400 سے زائد ٹکٹ اب بھی دستیاب ہیں اور مجموعی طور پر ہزاروں ٹکٹ فروخت ہونا باقی ہیں۔ ادھر نیویارک اور نیو جرسی میں ٹکٹوں کی قیمتوں کے حوالے سے تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں، جہاں فائنل کے ٹکٹوں کی قیمت 4 ہزار 185 ڈالر سے شروع ہو کر 8 ہزار 680 ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فیفا کو ٹکٹوں اور ہاسپیٹیلٹی سے تقریباً 3 ارب ڈالر آمدن کی امید تھی، تاہم کئی میچوں خصوصاً سعودی عرب کے مقابلوں کے ہزاروں ٹکٹ اب بھی دستیاب ہیں اور بعض جگہوں پر اصل قیمت سے کم نرخوں پر فروخت کیے جا رہے ہیں۔