تازہ ترین ۷ جون ۲۰۲۶

صدر ٹرمپ کا ایران آپریشن میں 13 امریکیوں کی ہلاکت کا اعتراف

واشنگٹن(ویب نیوز) امریکی صد ر ٹرمپ نے ایران آپریشن میں 13 امریکیوں کے مارے جانے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے افزودہ یورینیم کو ضبط کرکے یا تو وہیں تلف کیا جائے گا یا کسی اور مقام پر منتقل کرکے ختم کیا جائے گا۔امریکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں جاری مشن مکمل ہونے تک امریکی فوجیوں کو وہاں موجود رہنا چاہیے، کیونکہ مستقبل میں دوبارہ ان کی ضرورت پیش آ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں تعینات امریکی فوجیوں کو فوری خطرہ لاحق نہیں اور انہیں واپس بلانا دانشمندانہ فیصلہ نہیں ہوگا۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران آپریشن کے دوران 13 امریکی ہلاک ہوئے، جبکہ انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای شدید زخمی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ امریکا اور ایران کسی ممکنہ معاہدے کے بہت قریب ہیں اور ایران نے یہ حقیقت تسلیم کر لی ہے کہ اس کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہوں گے۔ ٹرمپ کے مطابق ایران کی موجودہ قیادت سابقہ قیادت کے مقابلے میں زیادہ منطقی اور سمجھدار رویہ اختیار کر رہی ہے۔