تازہ ترین ۷ جون ۲۰۲۶

کوئٹہ تیزاب گردی کیس کا مرکزی ملزم ہمایوں شاہ نوشکی بس اسٹاپ کے قریب پولیس مقابلے میں ہلاک

کوئٹہ(صداقت انٹرنیشنل ویب ڈیسک)کوئٹہ میں خاتون ڈاکٹر پر تیزاب پھینکنے کے دلخراش واقعے میں ملوث مرکزی ملزم ہمایوں شاہ کو گرفتار کرنے کے لیے ڈی آئی جی کوئٹہ کی خصوصی ہدایت پر ضلع بھر میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن اور “مین ہنٹ” شروع کیا گیا تھا۔ اس دوران مفرور ملزم کو نوشکی بس اسٹاپ کے قریب دیکھا گیا، جہاں پولیس پارٹی نے اسے گھیرا میں لے کر ہتھیار ڈالنے اور خود کو قانون کے حوالے کرنے کا حکم دیا، تاہم ملزم نے تسلیم ہونے کے بجائے پولیس اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ڈی آئی جی کوئٹہ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پولیس نے دفاع میں فوری جوابی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں مطلوب ملزم ہمایوں شاہ موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔ پولیس نے ہلاک ملزم کے قبضے سے ایک پسٹل اور 4 زندہ کارتوس برآمد کر لیے ہیں، جبکہ جائے وقوعہ سے ملزم کی جانب سے فائر کیے گئے گولیوں کے 2 خول بھی قبضے میں لے لیے گئے ہیں۔ واقعے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور اس سنسنی خیز مقابلے کے حوالے سے مزید قانونی اور تفتیشی کارروائی ہنگامی بنیادوں پر شروع کر دی گئی ہے۔