کوئٹہ (صداقت ویب)اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن جامعہ بلوچستان نے کہا ہے کہ جامعہ بلوچستان کے مین گیٹ (سریاب روڈ) پر اساتذہ نے اپنے جائز اور قانونی مطالبات کے حق میں پرامن احتجاجی کیمپ قائم کیا تھا جسے پولیس کے ذریعے زبردستی ختم کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کی جاتی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ وائس چانسلر 2022 سے ریٹائرڈ اساتذہ و ملازمین کو پنشن، کمیوٹیشن، لیو انکیشمنٹ اور جی پی فنڈ کی ادائیگی سمیت دیگر مسائل حل کرنے میں ناکام رہے ہیں جبکہ اساتذہ کی اپ گریڈیشن، خالی آسامیوں پر تقرریاں اور بنیادی سہولیات بھی متاثر ہیں۔ ایسوسی ایشن نے اس اقدام کو غیر جمہوری اور اساتذہ کے آئینی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکومت جامعات کے لیے خصوصی فنڈز جاری کرے اور ملازمین کے تمام مالی واجبات فوری ادا کیے جائیں، جبکہ اساتذہ نے آئندہ بھی اپنے حقوق کے لیے احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
