تازہ ترین ۶ جون ۲۰۲۶

پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کا سنجاوی میں اہم اجلاس، بدامنی، زرعی ٹیکسز اور لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی تحریک کا انتباہ

زیارت (ویب نیوز) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ضلع زیارت کی ضلعی کمیٹی کا اہم اجلاس سنجاوی میں منعقد ہوا جس کی صدارت مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال نے کی۔ اجلاس میں پارٹی کی سیاسی و تنظیمی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا اور تنظیم کو مزید فعال بنانے کے فیصلے کیے گئے۔ شرکاء نے زیارت اور سنجاوی میں بڑھتی ہوئی بدامنی، دہشت گردی، اغوا برائے تاوان، مہنگائی اور بے روزگاری پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے موجودہ حکومت کو عوامی مسائل کے حل میں ناکام قرار دیا۔اجلاس میں شاہرگ میں پانچ افراد کے قتل، مانگی کے مقام پر کوئلے سے بھرے ٹرکوں کو نذر آتش کرنے اور اغوا کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ ایسے واقعات ریاستی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں۔ پارٹی رہنماؤں نے زرعی ٹیکسوں کو ظالمانہ قرار دیتے ہوئے ان کی فوری واپسی، کسانوں کے لیے سبسڈی، سستی کھاد اور زرعی ادویات کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، محکمہ صحت اور تعلیم کی ناقص کارکردگی پر بھی سخت تنقید کی گئی۔ اجلاس کے اختتام پر خبردار کیا گیا کہ اگر عوامی مسائل فوری حل نہ کیے گئے تو پارٹی عوام کے ساتھ مل کر بھرپور احتجاجی تحریک چلائے گی۔