اسلام آباد(صداقت ویب) وفاقی حکومت نے چھوٹے دکانداروں کے لیے فکس ٹیکس اسکیم متعارف کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ یہ اسکیم تاجروں کی مشاورت اور انجمن تنظیم تاجران کے مطالبے پر لائی جا رہی ہے۔ اس اسکیم کا اطلاق ان دکانداروں پر ہوگا جن کی سالانہ فروخت 20 کروڑ روپے یا اس سے کم ہے۔ اسکیم کے تحت ایک فیصد فکس ٹیکس عائد ہوگا جبکہ پہلے سے کٹا ہوا ود ہولڈنگ ٹیکس اس میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔ دکانداروں کو کم از کم 25 ہزار روپے ٹیکس جمع کروانا ہوگا، جبکہ زیادہ ٹرن اوور رکھنے والوں پر ایک فیصد کے حساب سے ٹیکس لاگو ہوگا۔ حکومت کے مطابق اس اسکیم میں شامل دکانداروں کو ایف بی آر کی جانب سے خصوصی پلیٹ جاری کی جائے گی اور انہیں پی او ایس سسٹم سے بھی استثنیٰ حاصل ہوگا۔
