مظفرآباد(صداقت ویب) آزاد کشمیر حکومت نے جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو انسداد دہشت گردی ایکٹ 2014 کے تحت کالعدم قرار دیتے ہوئے اسے فرسٹ شیڈول میں شامل کر دیا ہے۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صدر آزاد کشمیر کی منظوری کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا، جبکہ حکام کا مؤقف ہے کہ تنظیم کے خلاف امن و امان اور سلامتی کو نقصان پہنچانے کے معقول شواہد موجود ہیں۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ تنظیم ریاست میں انتشار پھیلانے، عوام میں خوف و ہراس اور عدم تحفظ کا احساس پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ نفرت انگیزی اور امن کو متاثر کرنے والی سرگرمیوں میں ملوث رہی ہے۔ حکومت نے تنظیم کے تمام متبادل نام بھی نوٹیفکیشن میں شامل کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کالعدم تنظیم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی اور ریاست میں امن، قانون کی بالادستی اور عوامی تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
