کوئٹہ (صداقت ویب) حکومتِ بلوچستان کی صوبائی کابینہ نے اشتہاراتی پالیسی 2026 کی منظوری دے دی ہے، جس کا باقاعدہ نفاذ یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔ اس فیصلے کا اعلان 16 اپریل 2026 کو منعقدہ کابینہ اجلاس کے منٹس کی روشنی میں کیا گیا۔صوبائی محکمہ اطلاعات کی جانب سے پیش کردہ سمری میں کابینہ کو بتایا گیا کہ موجودہ اشتہاراتی نظام کو جدید تقاضوں، شفافیت اور ڈیجیٹل میڈیا کے بڑھتے ہوئے کردار کے مطابق ازسرنو ترتیب دیا گیا ہے۔اجلاس میں واضح کیا گیا کہ نئی پالیسی کے تحت اشتہاراتی نظام کو مزید مؤثر اور شفاف بنانے کے لیے موجودہ قواعد کو B-PPRA قوانین سے ہم آہنگ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، ویب سائٹس اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو بھی باضابطہ طور پر اشتہاراتی دائرہ کار میں شامل کر دیا گیا ہے۔پالیسی کے مطابق سرکاری اشتہارات کو محدود تعداد میں اخبارات تک محدود رکھنے کی تجویز بھی شامل ہے، تاکہ وسائل کے بہتر استعمال کو یقینی بنایا جا سکے۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ اشتہاراتی نظام میں اصلاحات کا مقصد جدید میڈیا رجحانات کے مطابق ایک مؤثر، شفاف اور جوابدہ نظام قائم کرنا ہے، جو سرکاری اور نجی شعبے کے درمیان بہتر رابطے کا ذریعہ بنے گا۔تفصیلی غور و خوض کے بعد کابینہ نے محکمہ اطلاعات کی جانب سے پیش کردہ اشتہاراتی پالیسی 2026 کی منظوری دے دی۔
