پاکستان ۴ جون ۲۰۲۶

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام لوگوں کو بھکاری بنانے کے سوا کچھ نہیں، رانا ثناء اللہ

کوئٹہ (صداقت نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا لوگوں کو بھکاری بنانے کے علاوہ کوئی مصرف نہیں۔ ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا ڈیٹا درست نہیں اور اس میں بڑے پیمانے پر کرپشن موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی صوبہ اس پروگرام کو جاری رکھنا چاہتا ہے تو رکھ سکتا ہے، تاہم پنجاب میں اس پروگرام کا کوئی خاطر خواہ فائدہ نظر نہیں آتا۔ رانا ثناء اللہ نے مزید دعویٰ کیا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں تحریک انصاف سیاسی طور پر سسٹم سے باہر ہو چکی ہے۔ پروگرام میں شریک پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عامر ڈوگر نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ رات کے اندھیرے میں نتائج کیا ہوں گے، پی ٹی آئی کے لیے انتخابی مہم چلانا مشکل بنا دیا گیا ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے لیے تمام سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔