مقامی ۴ جون ۲۰۲۶

کوئٹہ میں پٹرول بحران شدت اختیار کرگیا، نظامِ زندگی مفلوج

کوئٹہ (صداقت ویب نیوز) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پٹرول کے شدید بحران نے معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثر کردیا ہے۔ شہر کے بیشتر پٹرول پمپس پر پٹرول نایاب ہونے کے باعث گاڑیوں، رکشوں اور موٹر سائیکلوں کی طویل قطاریں دیکھی جا رہی ہیں جبکہ متعدد شہری گھنٹوں انتظار کے باوجود ایندھن حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ اطلاعات کے مطابق صبح سویرے ہی شہری پٹرول پمپس کا رخ کرنے لگے لیکن طلب کے مقابلے میں رسد نہ ہونے کے باعث صورتحال مزید سنگین ہوگئی ہے۔ پٹرول کی قلت کے سبب ٹرانسپورٹ کا نظام بھی متاثر ہورہا ہے اور شہریوں کو روزمرہ امور کی انجام دہی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ذرائع کے مطابق بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات بروقت سکول نہ پہنچ سکے جس کے باعث تعلیمی حاضری بھی متاثر ہوئی۔ عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ پٹرول کی فراہمی سے متعلق دعوے عملی طور پر پورے نہیں ہوسکے۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے اور پٹرول کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔