مقامی ۳ جون ۲۰۲۶

پٹرول کے نام پر عوام اور ٹرانسپورٹرز کو بلیک میل کیا جا رہا ہے، ایکشن کمیٹی

کوئٹہ:)صداقت ویب نیوز( آل بلوچستان ٹرانسپورٹرز ایکشن کمیٹی کے صدر حاجی حبیب اللہ بادیزئی اور جنرل سیکرٹری حاجی میر اکبر لہڑی نے کوئٹہ میں پیدا ہونے والے پٹرول بحران پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام اور ٹرانسپورٹرز کو مصنوعی بحران کے ذریعے بلیک میل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بعض پمپ مالکان اور منی پٹرول پمپس نے اپنے مفادات کے لیے شہریوں کو مشکلات میں ڈال دیا ہے، جس کے باعث عوامی زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ رہنماؤں کے مطابق پٹرولیم مصنوعات سرکاری نرخوں کے بجائے من مانی قیمتوں پر فروخت کی جا رہی ہیں، جبکہ ٹرانسپورٹرز، مزدور طبقہ اور عام شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض عناصر نے شہر کے پٹرول پمپس بند کر کے مصنوعی دباؤ پیدا کرنے کی کوشش کی ہے، جو قابل قبول نہیں۔ انہوں نے حکومت بلوچستان، ضلعی انتظامیہ اور اوگرا سے مطالبہ کیا کہ فوری نوٹس لے کر سرکاری نرخوں پر پٹرول کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے، بصورت دیگر احتجاجی لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔