مقامی ۳ جون ۲۰۲۶

ایف سی کی بڑی کارروائی، نوکنڈی کے سرحدی علاقے کلی ہمائی سے 149 غیر قانونی افغان باشندے گرفتار

چاغی:)صداقت ویب نیوز( ایف سی بلوچستان (ساوتھ) تفتان رائفلز نوکنڈی نے سرحدی علاقے کلی ہمائی میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ کی ایک کوشش ناکام بنا دی اور 149 غیر قانونی افغان باشندوں کو گرفتار کر لیا۔ ایف سی ذرائع کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جو انسانی اسمگلروں کے ذریعے ایران اور ترکی کے راستے یورپی ممالک جانے کی کوشش کر رہے تھے۔ حکام نے بتایا کہ کارروائی کے بعد تمام افراد کو قانونی تقاضے مکمل کرنے کے بعد واپس افغانستان ڈی پورٹ کر دیا گیا ہے۔ ایف سی نے واضح کیا ہے کہ پاک افغان سرحد پر غیر قانونی نقل و حرکت، انسانی اسمگلنگ اور سرحدی خلاف ورزیوں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری ہے اور کسی بھی غیر قانونی داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ حکام کے مطابق سرحدی علاقوں میں امن و امان اور سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔