مقامی ۳ جون ۲۰۲۶

محمود خان اچکزئی نے مقدمے کے خلاف بلوچستان ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا

کوئٹہ:)صداقت ویب نیوز( پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور سینئر سیاستدان محمود خان اچکزئی نے اپنے خلاف درج مقدمے کو چیلنج کرتے ہوئے بلوچستان ہائیکورٹ میں آئینی درخواست دائر کر دی ہے۔ درخواست میں ایف آئی آر کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے اسے کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔ محمود خان اچکزئی بدھ کے روز پارٹی رہنماؤں، کارکنان اور قانونی ماہرین کے ہمراہ عدالت عالیہ پہنچے، جہاں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی لائرز فورم کی جانب سے درخواست جمع کرائی گئی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ درج ایف آئی آر آئین پاکستان اور قانونی تقاضوں سے مطابقت نہیں رکھتی، جبکہ بنیادی حقوق اور منصفانہ قانونی کارروائی کے اصولوں کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔ عدالت سے مقدمے کے تمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ لے کر ایف آئی آر کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست جمع ہونے کے بعد رجسٹرار آفس نے جانچ پڑتال کا عمل شروع کر دیا ہے اور توقع ہے کہ آئندہ چند روز میں سماعت کے لیے پیش رفت سامنے آئے گی۔