کوئٹہ( ویب نیوز)امریکی صدر نے کہا ہے کہ انہوں نے اسرائیلی وزیرِ اعظم سے ایک فون کال کے دوران سخت اور غصے بھرے لہجے میں گفتگو کی تھی۔ ایک پوڈکاسٹ انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ لبنان میں جاری اسرائیلی کارروائیوں سے پریشان تھے اور اسی وجہ سے تلخ بات چیت ہوئی۔ ٹرمپ کے مطابق اس وقت ایران کے معاملے پر زمینی فوج بھیجنے کی ضرورت نہیں اور صورتحال کو سفارتی انداز میں حل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران نے جوہری ہتھیار نہ رکھنے پر اتفاق کیا ہے اور ممکن ہے کہ آئندہ کسی مرحلے پر ایرانی قیادت سے ملاقات بھی ہو۔ امریکی صدر نے کہا کہ ایران کے ساتھ تنازع کم ہونے سے عالمی سطح پر فیول کی قیمتوں میں کمی آئے گی۔ واضح رہے کہ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سے قبل بھی ٹرمپ اور نیتن یاہو کے درمیان لبنان کی صورتحال پر سخت گفتگو اور تلخ جملوں کا تبادلہ ہو چکا ہے۔
