تازہ ترین ۳ جون ۲۰۲۶

فوجیوں کو ہلاک ہونے سے پہلے مشرق وسطیٰ سے نکالا جائے، سابق امریکی ڈائریکٹر

واشنگٹن ( ویب نیوز) امریکی نیشنل انسدادِ دہشت گردی سینٹر کے سابق ڈائریکٹر جو کینٹ نے مشرقِ وسطیٰ میں تعینات امریکی فوجیوں کی سلامتی کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں کسی ممکنہ جانی نقصان سے قبل خطے سے واپس بلایا جانا چاہیے۔سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں جو کینٹ نے کہا کہ وہ مشرقِ وسطیٰ میں موجود امریکی فوجیوں کے لیے دعاگو ہیں اور ان کی جانوں کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جانی چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ امریکی فوجیوں کے زخمی یا ہلاک ہونے سے پہلے انہیں وہاں سے نکالنے کی ضرورت ہے۔جو کینٹ کا کہنا تھا کہ ایران کی میزائل رینج میں آنے والے امریکی فوجی اڈے اور بحری جہاز اب اسٹریٹیجک اثاثوں کے بجائے اسٹریٹیجک ذمہ داریوں میں تبدیل ہو چکے ہیں۔ ان کے بقول، ان تنصیبات کی موجودگی ایران کو اپنی شرائط پر دوبارہ جنگ شروع کرنے کا موقع فراہم کر سکتی ہے۔ انہوں نے امریکی پالیسی سازوں پر زور دیا کہ وہ خطے میں فوجی موجودگی کے حوالے سے اپنی حکمتِ عملی پر ازسرِ نو غور کریں۔