مقامی ۲ جون ۲۰۲۶

توبہ اچکزئی میں دو گروپوں میں خونی تصادم، فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق، 2 شدید زخمی

چمن (صداقت ویب نیوز)توبہ اچکزئی کے علاقے میں دو مخالف گروپوں کے درمیان اچانک ہونے والے شدید خونی تصادم اور اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 2 افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ مقامی پولیس حکام کے مطابق، توبہ اچکزئی میں دو گروپوں کے مابین کسی دیرینہ تنازع پر تلخ کلامی ہوئی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے ہولناک مسلح تصادم کی شکل اختیار کر لی اور دونوں جانب سے ایک دوسرے پر جدید ہتھیاروں سے شدید فائرنگ کی گئی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور لیویز کی بھاری نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، جنہوں نے حالات کو کنٹرول میں لیا۔ امدادی ٹیموں نے جاں بحق ہونے والے چاروں افراد کی لاشوں اور دونوں شدید زخمیوں کو فوری طور پر ٹراما سینٹر میزئی اڈہ منتقل کر دیا ہے، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق، واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے، جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے ملزمان کی گرفتاری اور مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔