کوئٹہ جانے والی مسافر ویگن سے اتار کر فائرنگ، دوسری جانب گوٹھ حمزہ بھنڈ سے گلا دبا کر قتل کی گئی خاتون کی لاش برآمد
بھاگ(صداقت ویب نیوز)بھاگ اور اس کے گردونواح میں امن و امان کی صورتحال ابتر ہو گئی، جہاں دو مختلف لرزہ خیز واقعات میں ایک خاتون سمیت دو افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا ہے۔ مقامی پولیس ذرائع کے مطابق، پہلا افسوسناک واقعہ میر اسماعیل خان چوک کے قریب پیش آیا، جہاں پہلے سے گھات لگائے نامعلوم مسلح افراد نے بھاگ سے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ جانے والی ایک مسافر ویگن کو زبردستی روکا۔ مسلح ملزمان نے ویگن میں سوار ایک شخص کو زبردستی نیچے اتارا اور اس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ پولیس نے مقتول کی شناخت عارف ولد بھاجی خان کے نام سے کی ہے، تاہم قتل کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکیں۔دوسری جانب، مروجہ قانون و انصاف کی دھجیاں اڑاتے ہوئے ایک اور واقعے میں پولیس تھانہ بھاگ کی حدود میں واقع گوٹھ حمزہ بھنڈ سے ایک خاتون کی لاش ملی ہے۔ ابتدائی تحقیقات اور لاش کے معائنے کے بعد پولیس کا کہنا ہے کہ مسمات (ص)کو نامعلوم سفاک ملزمان نے گلا دبا کر بیدردی سے قتل کیا اور لاش پھینک کر فرار ہو گئے۔ بھاگ پولیس نے دونوں واقعات کی اطلاع ملتے ہی لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا، جہاں ضروری قانونی اور پوسٹ مارٹم کی کارروائی مکمل کی گئی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں وارداتوں کے الگ الگ مقدمات درج کر کے مختلف زاویوں سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
