مقامی ۲ جون ۲۰۲۶

ہرنائی کے علاقے شاہرگ کی کوئلہ کان میں مٹی کا تودا گرنے کا افسوسناک حادثہ، دو کانکن جاں بحق

ہرنائی (صداقت ویب نیوز)ہرنائی کے علاقے شاہرگ میں کوئلے کی کان کے اندر مٹی کا تودا گرنے کا انتہائی افسوسناک اور دلخراش حادثہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں دو محنت کش کانکن موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے ہیں۔ پولیس ذرائع سے ملنے والی ابتدائی اطلاعات کے مطابق، یہ حادثہ شاہرگ کوئل مائینز ایریا میں واقع پانچ نمبر پہاڑ کے مقام پر ایک کوئلہ کان کے اندر اس وقت پیش آیا جب کانکن روزمرہ کی طرح گہرائی میں کھدائی کے کام میں مصروف تھے کہ اچانک مٹی کا ایک بھاری تودا ان کے اوپر آ گرا۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی ریسکیو ٹیمیں، ساتھی کانکن اور پولیس کی نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، جنہوں نے مشترکہ طور پر ہنگامی بنیادوں پر امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مٹی کے تودے تلے دبے ہوئے دونوں جاں بحق کانکنوں کی لاشوں کو کان کے اندر سے نکال لیا گیا ہے اور انہیں ضروری قانونی کارروائی اور شناخت کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ حادثے کے بعد مائینز ایریا میں سوگ کا سماں ہے، جبکہ متعلقہ حکام نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔