مقامی ۲ جون ۲۰۲۶

اوستا محمد کے قریب نہر سے 2 روز سے لاپتہ 8 سالہ معصوم بچے کی لاش برآمد، ورثا میں کہرام

اوستا محمد(صداقت ویب نیوز)اوستا محمد کے نواحی علاقے میں انتہائی افسوسناک اور دلخراش واقعہ پیش آیا ہے، جہاں گزشتہ دو روز سے لاپتہ 8 سالہ معصوم بچے کی نہر سے لاش برآمد ہوئی ہے۔ پولیس اور خاندانی ذرائع کے مطابق، گوٹھ میر چاکر خان جمالی کے رہائشی 8 سالہ محمد یاسین ولد نور محمد، قوم برڑو گزشتہ دو دنوں سے اچانک اپنے گھر سے لاپتہ ہو گئے تھے، جن کی اہلخانہ کی جانب سے کافی تلاش کی جا رہی تھی، تاہم آج ان کی لاش اوستا محمد کے قریب واقع ‘ہدیرو شاخ(نہر) سے تیرتی ہوئی پائی گئی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور نہر سے لاش کو باہر نکال کر اپنی تحویل میں لے لیا۔ پولیس نے معصوم بچے کی لاش کو قریبی ہسپتال منتقل کیا، جہاں ضروری قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے بعد مقتول بچے کی میت کو تدفین کے لیے غمزدہ ورثا کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب مقتول محمد یاسین برڑو کے ورثا کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ان کی کسی بھی شخص یا قبیلے کے ساتھ کوئی بھی دیرینہ یا مروجہ دشمنی نہیں ہے۔ پولیس نے واقعے کی رپورٹ درج کر کے بچے کے ڈوبنے یا قتل کے دیگر ممکنہ زاویوں پر تفتیش شروع کر دی ہے۔