مقامی ۲ جون ۲۰۲۶

کوئٹہ میں 10 جون کا ورکرز کنونشن اساتذہ کے حقوق اور مطالبات کے حصول کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا، سجاد حسین رند

گنداخہ(صداقت ویب نیوز)گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے صوبائی صدر اور قائدِ اساتذہ سجاد حسین رند نے کہا ہے کہ 10 جون کو صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں منعقد ہونے والا ورکرز کنونشن اساتذہ کے حقوق کے تحفظ اور ان کے جائز مطالبات کے حصول کے لیے ایک انتہائی اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کسی بھی معاشرے اور قوم کے حقیقی معمار ہوتے ہیں، مگر انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ موجودہ حکومت نے اساتذہ کے بنیادی حقوق کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے ان کے ساتھ مسلسل ناانصافی کی ہے، جو اب کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں ہے۔ انہوں نے “یو این اے” کے نمائندے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن بلوچستان ہمیشہ سے اساتذہ کے حقوق کے لیے پرامن اور جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتی ہے اور اس سلسلے میں 10 جون کا ورکرز کنونشن غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔صوبائی صدر سجاد حسین رند کا مزید کہنا تھا کہ صوبے بھر سے اساتذہ کی ایک بہت بڑی تعداد اس تاریخی کنونشن میں شرکت کرے گی اور اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے بھرپور اور توانا آواز بلند کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اساتذہ کو درپیش دیرینہ مسائل کے حل، سروس اسٹرکچر کی بہتری، رکے ہوئے پروموشنز (ترقیوں)، مراعات اور دیگر تمام جائز مطالبات کی باقاعدہ منظوری تک ہماری یہ جدوجہد ہر سطح پر جاری رہے گی۔ انہوں نے حکومتِ وقت کو مشورہ دیا کہ وہ اساتذہ کے مسائل کو روایتی لیت و لعل کے بجائے سنجیدگی سے حل کرے اور تعلیمی نظام کی حقیقی بہتری کے لیے اساتذہ کو معاشرے میں ان کا جائز مقام اور حقوق فراہم کرے۔ انہوں نے پرامید انداز میں کہا کہ ان شا اللہ 10 جون کا ورکرز کنونشن اساتذہ کے حقوق کے حصول کی جدوجہد میں ایک آہنی دیوار ثابت ہوگا اور حکومت کو اساتذہ کے تمام جائز مطالبات تسلیم کرنے پر مجبور کرے گا۔ انہوں نے بلوچستان بھر کے تمام اساتذہ سے پرزور اپیل کی کہ وہ کنونشن میں بھرپور شرکت کرکے اپنی صفوں میں مکمل اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور اپنے حقوق کے لیے جاری مشترکہ جدوجہد کو مزید مضبوط بنائیں۔