مقامی ۲ جون ۲۰۲۶

میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کرپشن اور لوٹ مار کا گڑھ بن چکاہے رحیم کاکڑ

کوئٹہ(صداقت ویب نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و سابق میئر کوئٹہ رحیم کاکڑ، جمیل بوستان ایڈووکیٹ، میروائیس ایڈووکیٹ، احمد شاہ ایڈووکیٹ، عبداللہ ایڈووکیٹ، ڈاکٹر منصور، ڈاکٹر خوشحال، ڈاکٹر رستم، سردار احمد اور سردار بہلول خان نے کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کی موجودہ تباہی و بربادی پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنماں نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ کوئٹہ کے شہریوں کو بنیادی بلدیاتی ریلیف فراہم کرنے والا یہ اہم ترین ضروری سروسز کا ادارہ آج کل صرف کرپشن، لوٹ مار، فراڈ اور ترقیاتی فنڈز کو ہضم کرنے کے علاوہ کوئی کام نہیں کر رہا۔ انہوں نے کہا کہ پورا شہر اس وقت گندگی کا ڈھیر بن چکا ہے، نالیاں کچرے سے بھری پڑی ہیں اور صفائی کے نام پر ‘صفا کوئٹہ’ نامی فراڈ کے ذریعے ہر گھر سے غیر قانونی طور پر 500 روپے ماہانہ جبری وصول کیے جا رہے ہیں جو کہ سراسر ظلم ہے۔تحریک انصاف کے رہنماں نے شہر کی ابتر صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کارپوریشن کی نااہلی کے باعث شہر بھر کی اسٹریٹ لائٹس طویل عرصے سے بند ہیں، جس سے رات کے وقت اندھیرا چھا جاتا ہے اور جرائم کی لہر میں اضافہ ہو رہا ہے۔ مزید برآں، پورے کوئٹہ شہر کی گلیاں اور اہم سڑکیں آوارہ کتوں کی آماجگاہ بن چکی ہیں، جو آئے روز معصوم بچوں اور شہریوں کو کاٹ رہے ہیں، مگر اس سنگین صورتحال پر کوئی پوچھنے والا اور کوئی قانون موجود نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہوٹلوں کی چیکنگ کا نظام فوڈ اتھارٹی کو دینے کے بعد لوکل گورنمنٹ اب صرف کرپشن کرنے کا دوسرا نام بن کر رہ گئی ہے۔ پی ٹی آئی رہنماں نے مطالبہ کیا کہ اگر آج نیب (NAB)، اینٹی کرپشن اور ایف آئی اے (FIA) ایمانداری سے اس ادارے کے ترقیاتی فنڈز اور کرپشن کی تحقیقات کریں تو ہزاروں حرام خوروں کے چہرے بے نقاب ہو جائیں گے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ تحریک انصاف کوئٹہ کے مظلوم عوام کے حقوق کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرے گی۔